فری مِیئمStellarium Mobile
ایک فلکیاتی ایپ ہے جو آسمان کا حقیقت سے قریب تر منظر دکھاتے ہوئے ستاروں، سیاروں اور کہکشاؤں کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔ اس میں 1.5 ملین سے زائد ستاروں کا ڈیٹا موجود ہے اور انتہائی قابل بھروسہ ایپ ہے۔ اسے اپنے موبائل میں انسٹال کر کے موبائل کا رخ آسمان کی جانب کریں گے تو یہ اس وقت اسمان پر موجود تمام اجسام کے نام اور پوزیشن ظاہر کر دے گی۔ اس ایپ کا مفت ورژن بھی بے حد مفید ہے جبکہ کچھ فیچرز صرف پیڈ ورژن میں دستیاب ہیں لیکن پیڈ فیچرز کی ضرورت صرف پروفیشنل لیول پر ہی جا کر محسوس ہوتی ہے۔
فری مِیئمStar Walk 2
فلکیاتی اجسام کے بارے میں اینیمیشنز، آڈیو گائیڈ اور تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس کا جدید یوزر انٹرفیس، AR موڈ اور تعلیمی مواد اسے نمایاں بناتا ہے لیکن کچھ فیچرز پیڈ ورژن میں دستیاب ہیں اور مفت ورژن میں اشتہارات (ads) بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
فری مِیئمSolar System Scope
تھر ڈی 3D ماڈل کے ذریعے شمسی نظام اور اس کے اجسام کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس کے زبردست 3D گرافکس کی بدولت یہ ایپ شوقیہ طور پر معلوماتی اور پیشہ ورانہ یا تعلیمی مقاصد کے لئے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ تاہم اس میں کچھ فیچرز کے لیے سبسکرپشن درکار ہے اور جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ ایپ سولر سسٹم کی معلومات کے لئے بہترین ہے لیکن ڈیپ اسپیس آبجیکٹس کا ڈیٹا نہ ہونے کے برابر ہے۔
فری مِیئمStar Tracker
ایک سادہ ایپ ہے جو ستاروں اور کنسٹلیشنز کو تلاش کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ نسبتاً ہلکی، بیٹری فرینڈلی ایپ ہے اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی کام کرتی ہے لیکن اس میں تفصیلی معلومات کی کمی ہے اور مفت ورژن میں اشتہارات بھی شامل ہیں۔
فری مِیئمISS Detector
انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) اور دیگر سیٹلائٹس کے گزرنے کا وقت اور ان کی لوکیشن بتاتی ہے۔ یہ درست پیش گوئی، ریئل ٹائم نوٹیفکیشنز، اور Starlink و Hubble ٹیلی اسکوپ کی ٹریکنگ بھی فراہم کرتی ہے۔ تاہم اس کی مفت ورژن میں ایڈز شامل ہیں اور چونکہ یہ موسم کی خرابی کی معلومات نہیں دیتی لہٰذا موسم کی خرابی کی صورت میں بعض اوقات پیش گوئی کے مطابق سیٹلائٹ نظر نہیں آئے گا۔ اس کے بعض اضافی فیچرز کے لیے پیڈ یا پرو ورژن بھی درکار ہوگا۔
فری مِیئمMobile Observatory
ایک بہترین جامع فلکیاتی ایپ ہے جو چاند، سیاروں، ستاروں اور دیگر اجسام حتیٰ کہ کامیٹس وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس میں آنے والے مہینے میں فلکیاتی واقعات کے بارے میں بہت تفصیلی اور درست معلومات دستیاب ہوتی ہیں۔ اگرچہ مفت ورژن بھی قابل استعمال ہے لیکن اس کا پیڈ ورژن زیادہ مفید ہے۔
فری مِیئمNightshift Stargazing
ایک بہترین فلکیاتی ایپ ہے جو آسمان کے مشاہدے کے لیے موزوں وقت اور اس وقت کے دوران موجود آسمانی اجسام کی تفصیلات فراہم کرتی ہے اور موسم، روشنی کی آلودگی اور چاند کی روشنی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین مشاہداتی وقت کی پیش گوئی کرتی ہے۔ یہ چاند، سورج اور سیاروں کے طلوع اور غروب کے اوقات بھی بتاتی ہے۔ اس کا آف لائن موڈ دور دراز مقامات پر بھی کام کرتا ہے اور یوزر انٹرفیس بھی انتہائی آسان ہے۔ تاہم کچھ فیچرز پیڈ ورژن میں دستیاب ہیں اور اس میں ریئل ٹائم اسٹار چارٹ یا آسمانی نقشہ یا AR موڈ شامل نہیں ہے۔
فری مِیئمOuranos: Stargazing Forecast
ایک جدید فلکیاتی موسمیاتی ایپ ہے جو آسمانی مشاہدات کے لیے درکار موسم اور فلکیاتی حالات کی تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس میں بادلوں کی مقدار، فضائی شفافیت (Transparency)، نگاہ کی موزونیت (Seeing)، نمی، ہوا کی رفتار، چاند اور سیاروں کے طلوع و غروب کے اوقات اور آئندہ فلکیاتی واقعات کی معلومات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ نوری آلودگی کا نقشہ، ڈارک اسکائی مقامات کی تلاش اور فلکیاتی تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہ ایپ خاص طور پر فلکیاتی فوٹوگرافی اور دوربین کے ذریعے مشاہدات کی منصوبہ بندی کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم بدقسمتی سے اس کے بعض جدید فیچرز صرف اور صرف سبسکرپشن کے ذریعے ہی دستیاب ہیں۔
فری مِیئمTerraGenesis
ایک دلچسپ خلائی سمیولیشن گیم ہے جس میں آپ مختلف سیاروں اور چاندوں کو انسانی رہائش کے قابل بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس میں مریخ، زہرہ، عطارد اور نظامِ شمسی کے دیگر اجسام کے ماحول، درجہ حرارت، فضائی دباؤ اور آکسیجن کی مقدار کو تبدیل کر کے مکمل ماحولیاتی نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ یہ گیم حقیقی سائنسی تصورات جیسے ٹیرافارمنگ اور سیاروی ارتقا پر مبنی ہے جس کی وجہ سے یہ محض تفریح ہی نہیں بلکہ تعلیمی اہمیت بھی رکھتی ہے۔ تاہم اس میں کئی جدید فیچرز اور اضافی دنیاؤں تک رسائی کے لیے اِن ایپ خریداری درکار ہوتی ہے اور بعض مراحل کافی وقت لیتے ہیں۔
فری مِیئمMilky Way: Cosmic Playground
ایک متاثر کن خلائی سمیولیٹر ہے جو صارف کو کششِ ثقل، سیاروی تصادمات، سپرنووا دھماکوں اور یہاں تک کہ کہکشاؤں کے باہمی تعاملات کا مشاہدہ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس میں آپ مختلف ستاروں، سیاروں اور دیگر فلکیاتی اجسام کو شامل کر کے اپنی مرضی کے خلائی منظرنامے تشکیل دے سکتے ہیں اور ان کے نتائج کو حقیقی وقت میں دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے تھری ڈی گرافکس اور فزکس سمیولیشن اسے Solar Smash اور Universe Sandbox سے مشابہ بناتے ہیں جبکہ تعلیمی اعتبار سے بھی کافی مفید ہے۔ تاہم بعض جدید فیچرز کے لیے اِن ایپ خریداری درکار ہوتی ہے اور پرانے موبائل فونز پر کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
فری مِیئمUniverse Space Simulator 3D
ایک دلچسپ خلائی سمیولیشن گیم ہے جو صارف کو اپنا نظامِ شمسی، ستاروی نظام یا حتیٰ کہ ایک مکمل کہکشاں تخلیق کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ اس میں آپ سیاروں، ستاروں اور دیگر فلکیاتی اجسام کی حرکات، تصادمات اور کششِ ثقل کے اثرات کا مشاہدہ کر سکتے ہیں اور مختلف کائناتی منظرناموں کے ساتھ تجربات بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے تھری ڈی گرافکس اور فزکس سمیولیشن اسے Universe Sandbox سے مشابہ بناتے ہیں جبکہ یہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نسبتاً زیادہ آسانی سے دستیاب ہے۔ تاہم بعض جدید فیچرز کے لیے اِن ایپ خریداری درکار ہوتی ہے اور پرانے موبائل فونز پر کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
فری مِیئمSpaceflight Simulator
ایک نہایت مقبول خلائی سمیولیشن گیم ہے جس میں آپ اپنے راکٹ خود ڈیزائن کر کے انہیں خلا میں روانہ کر سکتے ہیں۔ اس میں حقیقت سے قریب تر راکٹ فزکس، مداری حرکیات اور سیاروی پیمانے استعمال کیے گئے ہیں جس کی بدولت آپ زمین کے مدار تک پہنچنے، چاند یا مریخ پر لینڈنگ کرنے اور مختلف خلائی مشنز انجام دینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ یہ گیم تفریح کے ساتھ ساتھ بنیادی خلائی انجینئرنگ اور مداری حرکیات کو سمجھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ تاہم کامیاب مشنز کے لیے صبر اور سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور بعض اضافی پرزے اور فیچرز اِن ایپ خریداری کے ذریعے دستیاب ہیں۔